منگلورو 15؍فروری (ایس او نیوز)سٹی ٹریفک پولیس نے مقامی ٹرانسپورٹ کے بے پرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی اقدام کرنے کے لئے کمر کس لی ہے۔ بیچ سڑکوں پر بسوں کو روک کر ٹریفک میں خلل اور رکاوٹیں پیدا کرنا،دوسری سواریوں اور عوام کے جان و مال کے لئے خطرات پیدا کرناوغیرہ مقامی بس ڈرائیوروں کی عادت سی بن گئی ہے اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ان پر لگائے جانے والے جرمانے کا کوئی اچھا نتیجہ نکل نہیں رہا ہے۔ اس سردردی کے علاج کرنے کے لئے اب ٹریفک پولیس نے ایسے بے پروا ڈرائیوروں پر انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 279لاگو کرنے اور اسی کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سٹی پولیس کمشنر ایم چندرا سیکھر نے بتایا کہ قانونی ماہرین سے صلاح و مشورے کے بعد اس دفعہ کا اطلاق کرتے ہوئے منگلورو ٹریفک پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے میں تقریباً 8معاملات درج کیے ہیں۔یہ اقدام صرف پرائیویٹ بس ڈرائیوروں کے لئے مخصوص نہیں ہے ، ضرورت پڑنے پر اسے سرکاری بسوں کے ڈرائیوروں پر بھی لاگو کیا جائے گا۔
آئی پی سی کی دفعہ279کے تحت بے پروا ڈرائیونگ(ریاش ڈرائیونگ)،اور عام راستوں پر اس انداز سے گاڑیاں چلاناجس سے کوئی انسان زخمی ہونے یا جان سے ہاتھ دھونے کا خطرہ پیدا ہوجائے۔ایسے معاملے میں 6مہینے تک کی سزا یا ایک ہزار روپے جرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں۔اس کے علاوہ اس قسم کے معاملات میں بسوں کو ضبط بھی کیا جاسکتا ہے جسے بس مالکان عدالت سے ہی چھڑا سکیں گے۔